کورونا وائرس:سعودی عرب میں کرفیو کا دورانیہ 24گھنٹے کردیا گیا

اپ ڈیٹ 07 اپريل 2020 10:43am
فائل فوٹو

جدہ:کورونا وائرس کاپھیلاؤ روکنے کیلئے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت مختلف شہروں میں کرفیو کا دورانیہ 24گھنٹے کردیا گیا ۔

سعودی عرب میں کورونا کے کیسزمیں تیزی سےاضافہ ہورہا ہے،وائرس کی روک تھام کیلئے سعودی حکومت نےاقدامات مزیدسخت کردیئے۔

مکہ مکرمہ،مدینہ منورہ،ریاض،جدہ،طائف،تبول ،دمام میں کرفیوکا دورانیہ 24گھنٹے کردیاگیا،تمام شہروں میں داخلے اورباہرنکلنےپرمکمل پابندی عائد کردی گئی۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث 38 افراد جاں بحق اور  2605متاثرہیں۔

ڈائریکٹر جنرل حرمین  شريفين  شیخ عبدالرحمان السدیس نے اپنے ایک پیغام میں مقامی اور تارکین وطن سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں مین رہ کر اور حکومت کے بتائے ہوئے حفاظتی و احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ مہلک وائرس سے نجات و خیر حاصل ہوسکے۔

انہوں نے عالم اسلام کو  صبر اور نیکی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللّہ سے بہتری کی امید رکھیں اور ان احتیاطی کارروائیوں اور حفاظتی تدابیر کو مانیں، جو حکام حفظہم اللہ نے ہدایت کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب تمام افراد اور انکے اہل خانہ کیلئے بھر پور حفاظت کا اہتمام کررہی ہے۔